Nov ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس وقار سیٹھی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

دوران سماعت نہ حکومت کی جانب سے کوئی پیش ہوا اور نہ ہی پرویز مشرف کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت میں کسی کے پیش نہ ہونے پر آدھے گھنٹے کا وقفہ لینے کے بعد عدالت نے اعلان کیا کہ فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے اور اٹھائیس نومبر کو اس کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں مقدمہ نومبر دو ہزار تیرہ میں مسلم لیگ نون کی حکومت نے دائر کیا تھا۔

اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو کئی بارعدالت میں حاضر ہونے کے لئے نوٹس جاری کئے مگر مشرف عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔ عدالت نے مارچ دو ہزار چودہ میں پرویز مشرف کے خلاف فرد جرم عائد کی اور اسی سال ستمبر میں پرسیکیوشن نے عدالت کے سامنے ثبوت پیش کئے۔ پھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کیس میں حکم امتناع جاری کردیا جس کے بعد سماعت روک دی گئی اور دو ہزار سولہ میں پرویز مشرف علاج کے بہانے ملک سے باہر چلے گئے اور پھر وطن واپس نہیں آئے۔

ٹیگس