پاکستانی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا گیا: پاکستانی وزیر
پاکستان کے مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں بتدریج کمی آرہی ہے اور اگر سود کی ادائیگی ہٹا دیں تو مالی خسارہ ختم ہو چکا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی اقتصادی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے وعدوں پر مکمل عملدرآمد کیا۔ ورلڈ بینک کے صدر نے پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کو سراہا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے اپنے پروگرام میں تین ارب ڈالر کا اضافہ کیا، آئی ایم ایف نے پانچ سو ارب ڈالرکی دوسری قسط جلدہی ریلیزکرنے کااعلان کیا ہے۔
حفیظ شیخ نے بتایا کہ موڈیز نے گزشتہ روز پاکستان کے بارے میں اپنی رپورٹ جاری کی جس میں پاکستان کی ریٹنگز کو منفی سے ہٹاکر مستحکم قرار دیا گیا اور رپورٹ نے پوری دنیا کو ہمارے معاشی اقدامات سے آشکار کیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ 40 ہزارکی سطح عبور کرچکی ہے اور بلوم برگ نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کو دنیا کی سب سے بہترین کارکردگی والی اسٹاک مارکیٹ قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا کہ ہم نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معیشت کی بہتری کے لیے دوست ممالک نے پاکستان کاساتھ دیا ۔