مسلم امہ کو متحد کرنے کی ضرورت ہے: عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا میں پاکستان کی شناخت بدل چکی ہے۔
پاکستان کےوزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ڈیجیٹل پاکستان وژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کومتحد کرنے کی ضرورت ہے اورپاکستان اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرےگا۔
عمران خان نے عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت سے متعلق کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستانی بین الاقوامی سطح پر بااعتبار ملک بن چکا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہاں ہمارا ایک پوائنٹ ہوتا تھا کہ پاکستان کو پیسے دو اور کسی کی جنگ لڑیں، اور کہاں اب پاکستان دنیا میں پیس میکر بن گیا ہے اور دنیا میں جہاں آپس میں لڑائیاں ہورہی ہیں انہیں اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہی لوگ زندگی میں اوپر جاتے ہیں جو بڑے فیصلے کرتے ہیں اور چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں جبکہ جو لوگ چیلنجز کا سامنا نہیں کرتے ان کی اوپر جانے کی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے اور وہ بوڑھے ہوجاتے ہیں، انسان بوڑھا تب ہوتا ہے جب چیلنج ختم ہوجاتا ہے۔