پاکستان میں پولیو ورکرز ٹیم پر حملہ، دو جاں بحق
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں پولیو ویکسین پلانے والی ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں دو افراد کے مارے جانے کی خبر ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولیو ٹیم پر فائرنگ کا یہ واقعہ لوئر دیر کے علاقے میدان میں پیش آیا جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
حملہ آور جائے واقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ اس سے پہلے لاھور اور سرگودھا میں پولیو ورکرز کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کی خبریں موصول ہوئی تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں رواں برس کے دوران پولیو کے ایک سو چار کیس سامنے آچکے ہیں جس کے بعد حکومت نے پولیو کے خلاف مہم تیز کردی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق رواں برس کے دوران پاکستان میں پولیو کے کیس میں اضافے سے اس وائرس کے جغرافیائی پھیلاؤ کی نشاندھی ہوتی ہے۔
رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ پاکستان میں پولیو ویکسین پر اسٹریٹیجک عملدرآمد کے فقدان کی وجہ سے سن دو ہزار بیس میں پولیو کے مریضوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔