جنرل سلیمانی کی مظلومانہ شہادت ،پاکستان میں احتجاجی مظاہرے
سردار محاذ استقامت جنرل قاسم سلیمانی کی مظلومانہ شہادت کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی اپیل پر پاکستان کے دیگر شہروں کے ساتھ ساتھ ملتان میں بھی ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں جنرل قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کو شہید کرنے کے امریکا کے دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کی گئی -
مظاہرے کے شرکا نے امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا کر استقامتی محاذ کی حمایت کا اعلان کیا - مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکا کو ان شہدا کے خون کے قطروں کاحساب دینا ہوگا -
مظاہرین نے اس موقع پر امریکا اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے ۔ مظاہرے کے شرکا کو خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایک بار پھر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے -
مقررین نے امریکا کی اس دہشت گردی پر عالمی اداروں کی خاموشی کی بھی مذمت کی -
پاکستان کے دیگر شہروں کراچی، لاہور، پارہ چنار ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کو شہید کرنےکے دہشت گرد امریکا کے اقدام کی مذمت کی -
آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے بھی امریکا کے اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امت اسلامیہ کے دشمن امریکا نے اپنے ظلم و جبرکی تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ کیا ہے-