Jan ۱۱, ۲۰۲۰ ۰۰:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان، مسجد اور مدرسے میں دھماکہ، ڈی ایس پی سمیت 15 جاں بحق

پاکستان کے کوئٹہ شہر کے سیٹلائٹ ٹاؤن علاقے کی مسجد و مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی، مسجد کے امام سمیت 15 افراد جاں بحق اور 19 دیگر زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے نواحی علاقے غوث آباد کی ایک مسجد و مدرسے میں نماز مغرب کے دوران ہوا۔

دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور زخمیوں کو سول  اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مدرسے میں دھماکہ خودکش ہوسکتا ہے جبکہ دہشت گردوں نے مسجد کو آسان ہدف سمجھا۔

ابھی تک کسی گروہ یا شخص نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کوئٹہ کے دھماکے میں طالبان رہنما کے ہلاک ہونے کی تردید کی۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں معصوم افراد کو قتل کرنے والے کسی صورت حقیقی مسلمان نہیں ہو سکتے۔

ٹیگس