شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کئے جانے کا سلسلہ جاری
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی میں بھی تعزیتی جلسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد میں جمعہ کی شام ایک تعزیتی جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں مقررین نے سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شخصیت اور دنیا میں ان کی شہادت کے اثرات و نتائج پر روشنی ڈالی۔
مجلس عزا میں شریک افراد نے جنرل قاسم سلیمانی اور انکے ساتھیوں کی شہادت پر مبنی امریکہ کے دہشتگردانہ اقدام کی مذمت کی اور اعلان کیا کہ اب خطے سے امریکی دہشتگردوں کے نکلنے کا وقت آن پہنچا ہے۔
مقررین کا کہناتھا کہ امریکہ نے اپنے اقدامات سے خطے میں اختلافات کو ہوا دی اور وہ ہمیشہ اپنی حرکتوں سے صیہونی حکومت کو تحفظ فراہم کرنے کے درپے رہا ہے مگر شہید قاسم سلیمانی جیسے سورماؤں نے اسکے ناپاک منصوبوں پر پانی پھیر دیا۔
کراچی میں بھی کھرا در کے علاقے میں واقع حسینیہ ایرانیان میں ایک تعزیتی جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے کراچی کے باشندوں نے شرکت کی۔ مقررین نے اسلام اور خطے میں مسلمانوں کی خاطر شہید قاسم سلیمانی کی مجاہدانہ کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انکی اہم خصوصیات پر بھی روشنی ڈالی۔