Jan ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کے لئے خصوصی عدالت کی تشکیل غیر آئینی: لاھور ہائی کورٹ

لاہور ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کے لئے خصوصی عدالت کی تشکیل کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔

پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کے لئے خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف اپیل پر فیصلہ سنا دیا ہے۔جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے اس کیس کی سماعت کی اور پیر کی صبح اعلان کیا کہ اس کیس میں فیصلے کا انتظار کیا جائے۔

دوپہر کے بعد عدالت نے اپنے فیصلے میں خصوصی عدالت کے قیام کو کالعدم قرار دے دیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ آرٹیکل چھے میں ترمیم کا اطلاق ماضی پر نہیں کیا جاسکتا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت دیئے جانے کا حکم صادر کیا تھا۔

فیصلہ آنے کے بعد سابق صدر پرویزمشرف نے اس فیصلے اور خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی تھی ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو اپنے دفاع کا موقع نہیں دیا گیا جبکہ خصوصی عدالت کے رکن جسٹس نذر اکبر نے اختلافی نوٹ میں لکھا ہے کہ دو ہزار سات میں آئین کی معطلی ، غداری کے زمرے میں نہیں آتی۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کو روکا جائے۔

 

ٹیگس