کشمیر سمیت پوری دنیا میں انسانیت کا احترام کیا جانا چاہیے: انتونیو گوتریس
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایک آبی معاہدہ موجود ہے، معاہدہ میں عالمی بنک ضامن ہے، ہمارا بھی ایسا ہی معاہدہ اسپین کے ساتھ ہے، پانی ہتھیار نہیں بلکہ امن کا ضامن ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے، نہ صرف کشمیر بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کا احترام کیا جانا چاہیے، انسانی حقوق کمشنر کی دو رپورٹس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی مکمل عکاسی ہے۔
اس سے قبل مہاجرین کے وفد نے ان سے ملاقات کی انتونیوگوتریس نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے افغان جنگ سے متاثر 45 لاکھ پناہ گزینوں کو پناہ دی اور ان کے لیے بہترین انتظامات کیے، پاکستان کے عوام نے افغان مہاجرین کی بھرپور مہمان نوازی کی ۔