پاکستانی عوام کی ایرانی عوام سے محبت کی ایک جھلک
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے عوام نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کر کے دکھایا دیا کہ ان دونوں برادر ،دوست اور ہمسایہ ممالک کے عوام کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان میں عوامی رفاہی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے ایران کے قونصل جنرل کو کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے تین کروڑ 15 لاکھ یعنی 2 لاکھ امریکی ڈالر کا امدادی چیک پیش کیا۔
کراچی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے ایران کے قونصل جنرل جناب احمد محمدی کو کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے امداد کی پیش کش کی۔ اس ضمن میں ایرانی قونصلیٹ میں سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے فیصل ایدھی نے ایرانی ریڈ کریسٹ کے ذریعہ ایران کے قونصل جنرل کو تین کروڑ 15 لاکھ ( دو لاکھ امریکی ڈالر) کا امدادی چیک دیا جس کی رقم کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے خرچ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کا بڑا طبی فلاحی ادارہ ہے جس کے پاکستان میں 350 مراکز اور 1800 ایمبولینسز ہیں اور اس فلاحی ادارے میں 6 ہزار افراد کام کرتے ہیں۔