Mar ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۵ Asia/Tehran
  • پاک و ہند کے وزرائے اعظم نے کی کورونا کا مقابلہ کرنے پر تاکید

ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم نے کورونا کا مقابلہ کرنے پر تاکید کی۔

پاکستانی میڈیا  کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے بعد اس ملک کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا سے ڈرنا نہیں بلکہ ہمیں من الحیث القوم متحد ہو کر اس مسئلے کا مقابلہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کورونا وائرس کے مسئلے کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے، حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، عوام کو اس مسئلے کی سنجیدگی کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 185 کے قریب ہو چکی ہے۔ سندھ حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ادھرہندوستانی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جان لیوا وائرس کورونا سے نمٹنے کے لئے ڈاکٹروں اور نرسوں اور دیگر صحت عملوں کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلہ کے حل میں کسی طرح کی کسر نہیں چھوڑی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے سب کو متحد ہوکر مربوط کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں چار نئے معاملے سامنے آنے کے بعد پیر کے روز تصدیق شدہ معاملوں کی تعداد 114 ہوگئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا وائرس کووڈ 19 انفیکشن کے بڑھنے کے پیش نظر مرکزی حکومت نے تمام اسکول کالج ، سنیما ہال اور دیگر تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

حکومت نے 31 مارچ تک کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے مقصد سے سیاحوں کے لئے ملک کے تمام قومی میوزیموں اور تاج محل اور لال قلعے سمیت تمام ثقافتی ورثہ کو بند کردیا ہے۔

 

ٹیگس