Apr ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • کورونا نے پاکستان میں خطرے کی گھنٹی بجا دی

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ملک میں متأثرین مجموعی تعداد 4 ہزار 601 ہوگئی جبکہ اموات 67 تک پہنچ گئیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان  نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے پوری قوم کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ اس لئے کہ اپریل کے آخر تک کورونا وائرس کا بہت پریشر ہوگا جس کے باعث اسپتالوں پر بھی دباؤ بہت زیادہ بڑھ جائے گا۔

پاکستان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سب سے پہلے تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تاکہ یہ وائرس طلبہ و اساتذہ میں نہ پھیل سکے، بعد ازاں مختلف پابندیاں عائد کرتے ہوئے کہیں جزوی تو کہیں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔

اس لاک ڈاؤن کے باعث کاروباری مراکز، شاپنگ مالز، پارکس، تفریحی مقامات، انٹرسٹی بسز، مسافر ٹرینوں کو بند کر دئے جانے کے علاوہ غیر ضروری باہر نکلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

تاہم اس کے باوجود ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور رواں ماہ کے آغاز سے اس میں دوگنا تیزی دیکھی گئی۔ اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس سے 4 ہزار 601 افراد متاثر اور67 افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ٹیگس