پاکستان کا ایران کے خلاف امریکی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ
Apr ۱۹, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۱ Asia/Tehran
حکومت پاکستان نے ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ دوست اور ہمسایہ ملک کی حثیت سے اسلام آباد امریکی پابندیوں کی وجہ سے کورونا وائرس کے مقابلے میں ایران کو پیش آنے والی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا حکومت پاکستان ایران کے خلاف عائد امریکی پابندیوں کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں اور صلاح و مشورے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ کورونا کا بحران شروع ہوتے ہی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیز دیگر پاکستانی عہدیداروں نے ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے کے لیے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا اور یہ معاملہ اب امریکی کانگریس میں پہنچ گیا ہے۔
عائشہ فاروقی نے مزید کہا کہ ایران ہمارا دوست اور ہمسایہ ملک ہے اور کورونا وائرس کے خلاف مہم میں باہمی تعاون کا فروغ ایک فطری امر ہے تاکہ اس مہم میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستانی زائرین کی واپسی کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے پر حکومت ایران کے شکر گزار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے مختلف ملکوں میں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ توقع ہے کہ ایران میں مقیم تقریبا تین لاکھ زائرین خصوصی پروازوں کے ذریعے جلد پاکستان واپس جا سکیں گے۔