لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے 3 پاکستانی جاں بحق
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق آئی ایس بی آر کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی اور پاکستانی فوج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ہندوستانی فوج کے متعدد اہلکار اور 3 پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کل بروز بدھ لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ ہندوستان کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کیلئے پاکستانی کی فوج الرٹ ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستان پر کشمیریوں کے انسانی حقوق کو پائمال کرنے اور پاکستانی شہریوں پر حملے کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے حملوں کا جواب دیا جائے گا۔
در ایں اثناء کل بروز بدھ پاکستان نے گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران چوتھی مرتبہ ہندوستان کے ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے ہندوستانی فورسز کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے پر کنٹرول لائن میں سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔