عمران خان نے مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کی
Apr ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کی ایک بار پھر مخالفت کی ہے۔
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں، مکمل لاک ڈاؤن کی وکالت کرنے والوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کورونا کی بیماری میں صرف غریب مبتلا ہوتے تو لاک ڈاؤن میں اتنی تیزی کبھی نہ دکھائی جاتی، مگر جب دیکھا گیا کہ کورونا وائرس امیروں اور غریبوں میں تمیز نہیں کررہا ہے تو حکمراں اشرافیہ نے گھبرا کے لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سوچے بغیر لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا کہ غریبوں، روزانہ کی بنیادوں پر مزدوری کرنے والوں اور محنت کشوں کا کیا بنے گا۔
پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی حکمران اشرافیہ احساس کمتری کا شکار اور بیرون ملک پر انحصار کی عادی بن چکی ہے۔
انہوں نے ملک کے سرکاری اسپتالوں کی حالت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتال کی حالت اُس وقت تک ٹھیک نہیں ہو سکتی جب تک سیاستداں، وزراء اور سرکاری افسران ان اسپتالوں میں اپنا علاج نہیں کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا نے ہمیں سکھا دیا ہے کہ ہمیں ہر حال میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس وقت تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا متاثرین کی کل تعداد سولہ ہزار ایک سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ تین سو اٹھاون متاثرین اپبی جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔
صوبہ پنجاب اور سندھ وہ صوبے ہیں جو بالترتیب سب سے زیادہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں البتہ کورونا سے مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ خیبر پختونخوا میں بتائی گئی ہے۔