May ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • گورنر سندھ کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر بھی کورونا میں مبتلا

پاکستان کے صوبہ سندھ کے گورنرعمران اسماعیل کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ا‏سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی بیٹی اور بیٹے کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اسد قیصر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد عمران اسماعیل قرنطینہ میں چلے گئے۔ پاکستان میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں اوران کے دونوں ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

فیصل ایدھی کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے چونکہ فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی اس لیے خدشے کے پیشِ نظر ڈاکٹروں کے مشورے پرانہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا تاہم ان کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 16 ہزار 817 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 385 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے پاکستان میں 11 ہزار 843 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں جن میں سے 142 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 ہزار 300 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں، کورونا کی مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ پنجاب میں چھے ہزار تین سو چالیس جبکہ کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد، ایک سو چھے، ہوگئی ہے۔

دوسرے نمبر پر بدستور صوبہ سندھ ہے جہاں کورونا سے متاثرین کی تعداد چھے ہزار ترپن بتائی گئی ہے جن میں سے ایک سو بارہ افراد، جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 

لیکن کورونا سے مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ خیبر پختونخوا میں ہے۔ اس صوبے میں جمعرات کی رات چوبیس نئی اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک سو چھیالیس ہو چکی ہے۔ خیبر پختونخوا میں مزید تین سو چودہ افراد کورونا میں مبتلا ہوئے جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد دو ہزار چھے سو ستائیس ہوگئی ہے ۔

بلوچستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک ہزار اکتیس اور اموات چودہ، گلگت بلتستان میں متاثرین تین سو تینتس، جاں بحق ہونے والے تین، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں متاثرین کی تعداد چھیاسٹھ ہے جبکہ کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئ ہے۔ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا کے تیس نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد تین سو تینتالیس ہوگئی اور اموات بدستور چار ہیں۔ 

ٹیگس