میں کورونا سے صحتیاب ہو گیا ہوں: اسد قیصر
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے ہیں اور ان کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق اسد قیصراور ان کے دو بچوں میں تیس اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی تاہم اب انہوں نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے اپنی صحتیابی کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمداللہ، کورونا وائرس ٹیسٹ کی میری رپورٹ منفی آگئی ہے جبکہ بچوں کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اس سے قبل بھی ایک ٹوئٹ میں اپنی طبیعت میں بہتری اور ہسپتال سے گھر منتقلی کی تصدیق کی تھی۔
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔ انہوں نے بھی اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ مجھے میرے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مل گئی ہے جس میں نتیجہ منفی آیا ہے۔انہوں نے اپنی صحتیابی کی دعا کرنے والوں کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ یہ اعلان کیا کہ وہ جلد ہی خون کا پلازمہ عطیہ کریں گے تاکہ وہ کسی ضرورت مند کے کام آ سکے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک چونتیس ہزار تین سو چھتیس افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد سات سو سینتیس تک جا پہنچی ہے اور اب تک آٹھ ہزار آٹھ سو سے زائد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔