May ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان، سابق صدر و وزیر اعظم کی احتساب عدالت میں طلبی

پاکستان کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو عدالت میں طلب کر لیا۔

پاکستان میں جعلی اکاؤنٹ کیس میں پیشرفت ہوئی ہے اور توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے احتساب عدالت نے آصف علی زرداری اور نواز شریف کو طلب کر لیا ہے۔

عدالت نے اس سلسلے میں پاکستان کے ایک اور سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کو بھی انتیس مئی کو طلب کیا ہے۔

قومی احتساب بیورو نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں۔ نیب کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے گاڑیوں کی صرف پندرہ فیصد ادائیگی جعلی اکاؤنٹس سے کی، لیبیا اور یو اے ای سے بھی زرداری کو صدر کی حیثیت سے تحفے میں گاڑیاں ملیں۔

نیب کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے گاڑیاں توشہ خانے میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں۔ اس کا کہنا تھا کہ نواز شریف دو ہزار آٹھ میں کسی عہدے پر بھی نہیں تھے مگر انھیں دو ہزار آٹھ میں درخواست کے بغیر توشہ خانے سے گاڑی فراہم کی گئی۔

ٹیگس