کورونا سے نمٹنے کے لیے عالمی حل کی ضرورت ہے: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کورونا سے پیدا ہونے والے مسائل کے لئے عالمی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کے دور اور اس کے بعد سرمایہ داری کے موضوع پر ایک ورچوول عالمی اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ کورونا ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے لئے عالمی حل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ترقی یافتہ ممالک سر جوڑ کے بیٹھیں اور مل کے کوئی حل تلاش کریں تو دنیا کو اس مسئلے سے نجات مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تو یہاں ہر چیز جمود کا شکار ہو گئی ۔
عمران خان نے لاک ڈاؤن کے بعد پیش آنے والے چیلنجوں کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ان کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ آبادی کے سب سے کمزور طبقے اور معیشت کے غیر روایتی شعبے میں متاثر ہونے والوں کی دیکھ بھال کرنا تھا۔
عمران خان کے مطابق دنیا کے اکثر ممالک مسائل اور مشکلات سے دوچـار ہوئے لیکن ترقی پذیر ممالک کو اس سے زیادہ جھٹکا لگا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ان کے ملک کی بائیس کروڑ کی آبادی میں پندرہ کروڑ لوگ سب سے کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں جن میں غیر روایتی شعبے میں یومیہ نیز ہفتے وار اجرت پر کام کرنے والے شامل ہیں ۔
اس عالمی اجلاس کی میزبانی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور جمائیکا نیز کینیڈا کے وزرائے اعظم نے مشترکہ طور پر کی اور اس میں دنیا کے پچاس ملکوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔