پاکستان آرمی چیف سے زلمے خلیل زاد کی ملاقات
Jun ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۱:۵۱ Asia/Tehran
افغانستان کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے پاکستان کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سمیت بعض پاکستانی حکام سے ملاقات کی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد اور پاکستان کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی و سیکورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل سمیت افغان مہاجرین کے امور اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
افغانستان کے امور میں امریکی نمائندے نے اس سے قبل قطر میں طالبان کے سیاسی مشیر ملا برادر سے ملاقات کر کے افغان مفاہمتی عمل کے بارے میں گفتگو کی تھی۔