پاکستان: کورونا سے 2 لاکھ افراد متاثر،4 ہزار ہلاک
پاکستان میں کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر روز اس ملک میں مریضوں کی تعداد اور ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 883 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وبا سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 4 ہزار 35 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے پاکستان میں ایک لاکھ 7 ہزار 942 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں جبکہ 86 ہزار 906 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کا صوبہ سندھ کورونا کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے صوبوں سے آگے ہے اور اس صوبے میں کورونا کے76 ہزار 318 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صوبہ پنجاب کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے صوبوں سے آگے ہے اور اس صوبے میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ایک ہزار656 افراد ہلاک ہوئے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کو 4 ماہ کا عرصہ مکمل ہوگیا ہے تاہم اس دوران 2 ماہ کیسز کی تعداد کم جبکہ 2 ماہ کافی زیادہ رہی۔
26 فروری کو پاکستان میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز تھے جبکہ 18 مارچ کو پہلی موت کے بعد اسی ماہ کی 31 تاریخ تک یہ تعداد 26 تک پہنچی تھی۔ جبکہ رواں ماہ جون میں کورونا وائرس کی صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور گزشتہ 25 روز میں ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد کیسز اور 1400 سے زیادہ اموات کا اضافہ ہوا۔