پاکستان میں کورونا سے 4 ہزار617 افراد ہلاک
پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس ملک میں کورونا سے ہلاکتوں اور مبتلا ہونے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے نئے 3 ہزار557 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 512 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وبا کے ہاتھوں مزید 49 افراد لقمۂ اجل بن گئے اس طرح جاں بحق افراد کی کُل تعداد 4 ہزار617 ہو گئی ہے۔
تاہم کورونا وائرس سے پاکستان میں95 ہزار407 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ میری ٹیم نے سب سے پہلے اسمارٹ لاک ڈاؤن متعارف کروایا۔
انہوں نے ٹوئٹر پر بلوم برگ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے شائع آرٹیکل شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اختیار کرنے والوں میں میری ٹیم سرفہرست ہے تاہم عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج سے اگر ہم ایس او پیز کا لحاظ رکھتے ہیں تو بحران کی سنگینی سے بخوبی نجات پالیں گے۔