ہندوستان میں طیارہ سانحے پر پاکستان کا اظہار افسوس
پاکستان کے وزیر اعظم نے ہندوستان میں فضائی سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔
اپنے ایک پیغام میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی ہندوستان کی ریاست کیرالہ کے شہر کوزی کوڈ کے ہوائی اڈے پر پیش آنے والے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔
بر صغیر کے دو روایتی حریف ملکوں کی حیثیت سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی اختلافات اور کشیدگی سے عاری یہ تازہ ترین پیغام پریس کے ذریعے جاری ہوا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مختلف معاملات پر انتہائی سر مہری پائی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ جمعے کی شب دوبئی سے آنے والا ایئر انڈیا ایکسپریس کا ایک طیارہ بوئنگ 737 ریاست کیرالہ کے شہر کوزی کوڈ کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران رن وے پر پھسل گیا جس کے بعد وہ رن وے سے ملی قریب پچاس فٹ گہری کھائی میں جا گرا اور نتیجے میں اُس کے دو ٹکڑے ہو گئے۔ اس حادثے میں پائلٹ سمیت کم سے کم ۲۰ لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ اس طیارے میں ایک سو نوے مسافر سوار تھے۔
خبررساں ویب سائٹ لائیو ہندوستان کے مطابق ایئر سیفٹی کے ماہر کیپٹن موہن رنگناتھن نے اس واقعہ کو حادثہ کے بجائے قتل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نو برس پہلے خبردار کیا تھا کہ اس ایئرپورٹ پر موجودہ خطرات کے پیش نظر لینڈنگ محفوظ نہیں ہے اور ممکنہ حادثات کا خدشہ پایا جاتا ہے مگر اس انتباہ پر کان نہیں دھرے گئے۔
ایئر سیفٹی کے ماہر کا کہنا تھا کہ کوزی کوڈ ایئرپورٹ کے رنوے کے اختتام پر ایک ستر میٹر گہری کھائی ہے اور اگر کوئی طیارہ رنوے سے آگے نکل جائے تو اس کا بچ پانا غیر ممکن ہے۔
موہن رنگناتھن نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے حادثے پٹنہ اور جموں ایئرپورٹ پر بھی پیش آ سکتے ہیں۔