نوازشریف کے خلاف کارروائی ملتوی کرنے کی درخواست منظور
احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کے خلاف سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے۔
نوازشریف کے وکیل جہانگیر جدون کا کہنا ہے کہ عدالت نے ہائی کورٹ کے فیصلے تک نواز شریف کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی ہماری درخواست منظور کرلی ہے-
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ نواز کو اشتہاری قرار دینے کا معاملہ پچیس اگست کو دیکھیں گے، اس وقت تک اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی آ جائے گا-
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے نو ستمبر کی تاریخ مقرر کرتے ہیں-
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے حکم کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے-
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کو مفرور ملزم قرار دے کر ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔