Aug ۲۹, ۲۰۲۰ ۲۰:۴۴ Asia/Tehran
  • وزیر اعظم نے کراچی مسائل کے بنیادی حل کی یقین دہانی کرائی

پاکستان کے صنعتی اور تجارتی مرکز کراچی میں ہونے والی حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث بہت سے علاقے بدستور زیرآب ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے شہر کے بڑے مسائل حل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

کراچی میں بارش کے بعد شہر کے وسطی، جنوبی اور مشرقی علاقوں میں کی متعدد سڑکیں اور شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جن علاقوں سے بارش کا پانی نکل چکا ہے وہاں بھی کیچڑ کی وجہ سے لوگوں کو آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ بارش سے کراچی کے عوام کی تکالیف کا پوری قوم کو احساس ہے اور ان کی حکومت اس شہر کے مسائل کا مستقل حل تلاش کرے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے نالوں کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے، کچرے اور سیوریج کے مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کراچی کے تین بڑے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں گی۔ انہوں نے کراچی کے شہریوں کے لئے پینے کے پانی کی فراہمی میں حائل رکاٹوں کو دور کرنے کی بھی یقین دھانی کرائی۔

واضح رہے کہ کراچی میں جمعرات کو ہونے والی مون سون بارشوں کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اور کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے تھے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے سے بارش کا نیا سسٹم صوبہ سندھ میں داخل ہونے والا ہے جو پیر تک علاقے میں موجود رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا ہے۔

ٹیگس