سنتھیا ڈی رچی کو پندرہ دن کے اندر پاکستان چھوڑ دینے کا حکم
حکومت پاکستان نے مختلف سیاستدانوں پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والی امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کو پندرہ دن کے اندر ملک چھوڑ دینے کا حکم دے دیا ہے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کی وفاقی وزارت داخلہ نے مختلف سینیئر سیاستدانوں پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والی امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کی ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کرد ی ہے۔
سنتھیا ڈی رچی کا ویزا اکتیس اگست کو ختم ہوگیا ہے ۔اس نے ویزے میں توسیع کی درخواست دے رکھی تھی جس کو وزارت داخلہ نے بدھ دو ستمبر کو مسترد کردیا ۔ پاکستان کی وزارت داخلہ نے سنتھیا ڈی رچی کو حکم دیا ہے کہ پندرہ دن کے اندر ملک سے نکل جائے۔
یاد رہے کہ سنتھیا ڈی رچی نے پاکستان کے مختلف سیاستدانوں ، منجملہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور مخدوم شہاب الدین پر سنگین الزامات لگائے تھے۔ سنتھیا ڈی رچی نے جو الزامات لگائے تھے ان میں جنسی ہراسانی کا الزام بھی شامل تھا۔ وہ عدالت میں الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی تھی ۔