Sep ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۱:۵۴ Asia/Tehran
  • فرقہ واریت پھیلانے والوں کو مذہبی ہم آہنگی سے شکست دیں گے: علامہ جعفری

کوہاٹ میں دہشتگردوں نے ٹارگٹ کلنگ کی ایک واردات میں قیصر عباس نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی کوشش پورے ملک کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے درمیان اختلافی امور کو ہوا دے کر انتشار پیدا کرنے والے ملکی و قومی سلامتی اور امن کے دشمن ہیں۔ علامہ ناصر جعفری کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے تمام مسالک کے درمیان فروعی اختلافات صدیوں سے موجود ہیں، جن پر علمی اور صحت مندانہ مباحث برہان و استدلال کے ساتھ جاری رہتی ہیں اور جو عناصر علم و عمل کی بجائے شدت اور ہٹ دھرمی کی زبان استعمال کرتے ہیں، وہ ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا تمام مسالک تمام تر فروعی اختلافات کے باوجود اخوت و رواداری کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں اور  دشمن ہمارے سماجی رویوں اور معاشرتی اقدار کو نشانہ بنا کر دین محمدی کے پیروکاروں کو ایک دوسرے کا دشمن بنانے ہر تُلا ہوا ہے، تاکہ ہر گلی کوچے میں نفرتوں کی آگ بھڑکائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت جذبات کی بجائے حکمت و تدبر کا متقاضی ہے، ہمیں عالمی حالات کا بھی ادراک ہے اور کم ظرف دشمنوں کے شاطرانہ حربوں سے آگاہی بھی ہے۔

 مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا اہل تشیع اور اہلسنت برادران مل کر ان تکفیری عناصر کا راستہ روکیں گے، جنہوں نے ملک میں شدت پسندی کی راہ ہموار کی اور انکی دہشت گردانہ کارروائیوں کے نتیجے میں اس ملک کو ستر ہزار سے زائد لاشیں اٹھانا پڑیں۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں نامعلوم افراد نے ٹارگٹ کلنگ کی ایک واردات میں قیصرعباس نامی نوجوان کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے رہنماء علامہ حمید حسین امامی اور مجلس وحدت مسلمین نے قیصر عباس کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ٹیگس