Sep ۱۷, ۲۰۲۰ ۰۰:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستانی پارلیمنٹ میں اینٹی منی لانڈرنگ سمیت متعدد بل منطور

پاکستانی پارلیمنٹ نے مشترکہ اجلاس کے دوران اینٹی منی لانڈرنگ سمیت متعدد بلوں کی منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق پاکستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بدھ کو منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی شریک ہوئے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور اپوزیشن کے ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر چلے گئے۔
بعد ازآں ایوان میں وقف املاک اور اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل پیش کئے گئے اور ایوان سے ان کی مرحلہ وار منظوری لی کئی۔
وقف املاک بل کے مطابق حکومت کو وقف املاک پر قائم تعمیرات کی منی ٹریل معلوم کرنے اور آڈٹ کا اختیار ہوگا، وقف کی زمینوں پر قائم تمام مساجد، امام بارگاہیں، مدارس وغیرہ وفاق کے کنٹرول میں آجائیں گی۔
وقف املاک بل کے مطابق حکومت چیف کمشنر کے ذریعے وقف املاک کے لیے منتظم اعلیٰ تعینات کرے گی، منتظم اعلیٰ کسی خطاب، خطبے یا لیکچر کو روکنے کی ہدایات دے سکتا ہے، جبکہ منتظم اعلیٰ قومی خود مختاری اور وحدانیت کو نقصان پہچانے والے کسی معاملے کو بھی روک سکے گا۔
پاکستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل دو ہزار بیس بھی کثرت رائے سے منظور کیا گیا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق حکومت نے پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کے بعد اپوزیشن کی غیر موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور ضمنی ایجنڈا کے تحت پاکستان میڈیکل کمیشن بل دو ہزار انیس اور معذوروں کے حقوق سے متعلق بل بھی منظوری کے لیے پیش کیے اور یہ بل بھی کثرت رائے سے منظور ہو گیا۔

ٹیگس