نواز شریف، بیٹی اور داماد کی درخواستوں کی الگ الگ سماعت
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی بیٹی مریم اور داماد صفدر کی سزا کے خلاف درخواست کی الگ الگ سماعت کی ہے۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے پہلے نواز شریف کی سزا کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر پیش ہوئے۔
خیال رہے کہ پندرہ ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
بعد ازاں اسی عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں کا جائزہ لیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کا عمل جاری ہے لہذا مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیلیں وہ پراسیس مکمل ہونے کے بعد سنیں جائیں گی۔
عدالت نے مریم اور صفدر کی اپیلوں کی سماعت کے لیے نو دسمبر کی تاریخ مقرر کر دی۔