مولانا فضل الرحمان، حکومت مخالف اتحاد کے سربراہ مقرر
پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنانے کا فیصلہ اتحاد کے آن لائن سربراہی اجلاس کے دوران کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی تنظیم کے دیگر عہدیداران کا فیصلہ پیر کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کے آن لائن اجلاس میں حکومت مخالف مشترکہ احتجاجی تحریک کی حکمت عملی اور اس پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے تقریبا سبھی قائدین نے ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے بیس ستمبر کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے کی غرض سے پی ڈی ایم کے نام سے اتحاد قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔اپوزیشن کی جماعتوں کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے مختلف شکلوں میں حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔