موجودہ پارلیمنٹ غیرقانونی ہے: مولانا فضل الرحمان
پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک کی موجودہ پارلیمنٹ کو غیر قانونی قرار دے دیا ۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ بقول ان کے موجودہ پارلیمنٹ ناجائز ہے اور وہ اس کو ہٹانے کے لئے نکلے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ پارلیمنٹ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے سازشوں سے آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک آج گوجرانوالا سے باضابطہ طور پر شروع ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب حالات تبدیل ہوگئے ہیں اور حکومت کو دسمبر کا مہینہ دیکھنا نصیب نہیں ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن پر وزیر عمران خان سے این آر او مانگنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ این آر او مانگ رہے ہیں اور ہم نہیں دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جمعے کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی پہلی ریلی گوجرانوالا میں ہو رہی ہے۔ اس ریلی میں پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نوازاور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف سمیت پارٹی کے اہم سینیئر رہنماؤں کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما اور بڑی تعداد میں سیاسی کارکن شریک ہیں۔ خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ آج جیسا جوش و خروش انھوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے بھی گوجرانوالا جلسے میں جاتے ہوئے، راستے میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پہلے ہی جلسے سے حکومت بوکھلا گئی ہے۔