پاکستان کے سابق وزیر اعظم کا موجودہ وزیر اعظم پر الزام
پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے موجودہ وزیر اعظم عمران خان پر آئین توڑنے کا الزام لگایا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ کراچی میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری بقول ان کے وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر عمل میں آئی ہے۔
انہوں نے دعوا کیا کہ آئی ایس آئی اور سندھ رینجرز براہ راست وزیر اعظم کو رپورٹ کرتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہی ان دونوں اداروں کو ہدایات دی ہیں کیونکہ یہ ادارے کسی اور کے تابع نہیں ہیں۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آئین شکنی کی اور نہ صرف اپنا حلف توڑا بلکہ افسران کو بھی حلف توڑنے کا حکم دیا۔
شاہد خاقان عباسی نے ملک کے عدالتی نظام پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک افسر کو بقول ان کے اغوا کیا گیا اور آئین کو توڑا گیا لیکن عدالت نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھی عدالت سے کراچی کے واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔