Oct ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • پاکستان ؛ اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے کی جانب جانے والے مظاہرین پر پولیس کی شیلنگ

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں گستاخانہ خاکوں اور فرانس کے صدر کے بیان کے خلاف ہزاروں افراد نے فرانسیسی سفارت خانے کی جانب جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔

 مظاہرین کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد کے سرینا چوک پر جمع ہوئی اور اس نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

مظاہرین فرانسیسی سفارت خانے کی جانب مارچ کے لیے اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخل ہونا چاہتے تھے تاہم پولیس نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو ڈپلومیٹک انکلیو میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی پولیس نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مظاہرین پر آنسوگیس کے گولے داغے اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ پولیس نے کنٹینر لگاکر راستے کو بلاک کردیا تھا۔

کہا جارہا ہے کہ پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور سرینا ہوٹل کے سامنے واقع پولیس چوکی کو منہدم کردیا ہے۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ 

 

 

 

ٹیگس