Nov ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۲ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سابق وزیراعظم کے دائمی وارنٹ جاری

پاکستان کی ایک عدالت نے ملک کے سابق وزیراعظم میان نواز شریف کی گرفتاری کے دائمی وارنٹ جاری کر دیئے ہیں

ہمارے نمائندے کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی جس میں اب تک نواز شریف یا ان کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

بعد ازاں احتساب عدالت کے جج اسد علی نے نواز شریف کو پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔ نواز شریف کے خلاف اس کیس کی اگلی سماعت چھبیس نومبر کو ہوگی۔

مذکورہ کیس میں شریک ملزم اور مشہور میڈیا ہاوس جیو نیوز کے مالک میر شکیل الرحمان کو سپریم کورٹ نے گزشتہ روز ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف بدعنوانیوں کے متعدد مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ایک کیس میں انہیں سات سال قید اور ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانے کی سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔

نواز شریف گزشتہ برس اکتوبر میں لاہور ہائی کورٹ کی عبوری ضمانت پر علاج کے نام پر لندن گئے تھے اور اب تک وہیں مقیم ہیں۔

ٹیگس