اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے پاکستان کے اقدام کی ستائش
محمود عباس نے فلسطین کی جدوجہد سے متعلق پاکستان کے غیر متزلزل مؤقف پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے
فلسطین اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے کہا ہے کہ مملکت پاکستان ہر پاکستانی کی طرح فلسطینیوں کے لیے بھی فخر و عزت کا باعث ہے۔
فلسطینی صدر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو لکھے گئے خط میں امریکا کے دباؤ کے باوجود فلسطین کی جدوجہد سے متعلق پاکستان کے غیر متزلزل مؤقف پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔
جنگ آن لائن کے مطابق صدر محمود عباس نے پاکستان کی ترقی و کامیابی، پاکستانی حکمرانوں اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
خط میں محمود عباس کا کہنا تھا کہ فلسطینی کاز سے متعلق پاکستان کی حمایت اور غیرمتزلزل مؤقف قابل تحسین ہے۔
انہوں نے بڑے ممالک کے دباؤ کے باوجود پاکستان کی فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ اتنے دباؤ کے باوجود فلسطینی عوام کے لیے انصاف کا مطالبہ وزیراعظم پاکستان کی ہمت، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظہر ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ ہفتے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے امریکہ اور ایک اور ملک کے دباؤ کی بات کی تھی۔ تاہم وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین حل ہونے تک اسرائیل سے تعلقات کے قیام کو ناممکن قرار دیا تھا۔
پاکستان کے سابق فوجی سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے زمانے میں غاصب صیہونی حکومت کو تسلیم کئے جانے کے لئے ماحول سازی کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم پاکستان کے غیور عوام کے طرف سے سخت رد عمل سامنے آنے کے بعد یہ معاملہ جس تیزی سے اٹھایا گیا تھا اتنی تیزی کے ساتھ دبا دیا گیا۔