Nov ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات، پاکستان تحریک انصاف کی نشستیں سب سے زیادہ

گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے سبھی حلقوں کے نتائج آگئے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔

پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے اٹھارہ سے بھی پاکستان تحریک انصاف جیت گئی ہے۔ اس حلقے سے پی ٹی آئی کے امیدوار گلبر خان کو چار ہزار انسٹھ ووٹ ملے جبکہ آزاد امیدوار ملک کفایت الرحمان تین ہزار پانچ سو چوالیس ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

گلگت بلتستان کی چوبیس رکنی اسمبلی کی تیئس نشستوں کے لئے اتوار کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔ ووٹنگ اتوار کی شام پانچ بجے ختم ہوئی اور ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف نے تیئس میں سے دس نشستیں حاصل کیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو تین نشستیں ملیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ نون کو صرف دو نشستیں مل سکیں، سات نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے اور مجلس وحدت المسلمین کو ایک نشست ملی ہے۔

یاد رہے کہ متحدہ وحدت المسلمین نے پی ٹی آئی کے ساتھ ایڈجسٹ کرکے یہ سیٹ حاصل کی ہے۔ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کو خواتین کے لئے مخصوص چھے نشستوں میں سے چار اور ٹیکنوکریٹس کو تین میں سے دو نشستیں ملنے کے بعد اسمبلی میں اس کے اراکین کی تعداد سولہ ہو جائے گی۔

دوسری طرف نتائج کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کا احتجاجی دھرنا تیسرے دن بھی جاری ہے۔

ٹیگس