Nov ۲۳, ۲۰۲۰ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran
  • کشمیر کنٹرول لائن میں فائرنگ، 11 شہری زخمی

پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ ہندوستان نے اشتعال انگیزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب کو نشانہ بنایا جس سے 11 شہری زخمی ہو گئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہندوستانی فوج نے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جس سے جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب میں شریک 11 معصوم شہری زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر  کا دعوی ہے کہ ہندوستانی فوج نے شادی کی تقریب کو راکٹوں اور بھاری مارٹرز سے نشانہ بنایا۔ زخمی ہونے والوں میں چھ خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔

پاکستانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ہندوستانی فوج نے غیر پیشہ وارانہ اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ ہفتہ کے روز ہندوستان اور پاکستان نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے ہوئے ہائی کمشنروں کو وزارت خارجہ میں طلب کیا تھا۔

ہندوستان نے پاکستان ہائی کمیشن کے انچارج کو طلب کرکے جیش محمد کی 19 نومبر کو جموں و کشمیر کے نگروٹہ میں ناکام کئے گئے دہشت گردانہ حملے کے بعد اسکی منصوبہ بندی کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی سلامتی کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے گا۔

جبکہ پاکستان نے ہندوستانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے پاکستان مخالف الزامات پر شدید احتجاج کیا تھا۔

ٹیگس