Nov ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کے پھیلاو پراس ملک کے وزیراعظم کی تشویش

پاکستان کے وزیراعظم نے اس ملک میں کورونا کے پھیلاو پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال روز بروز بڑھ رہی ہے اس لئےاپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو موجودہ حالات میں جلسے بند کر دینے چاہئیں۔

عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں قوم کا تماشا بنایا جا رہا ہے، کورونا خطرناک حد تک پھیل رہا ہے احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے۔

 پاکستان کے وزیراعظم نے اپوزیشن کی تحریک کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے حکومت کا نہیں بلکہ عوام اور معیشت کا نقصان ہوگا۔

پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے تین ہزار پینتالیس نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

اس عرصے کے دوران مزید پنتالیس افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد چھیالیس ہزار آٹھ سو سے زائد ہے جبکہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک ہزار چھے سو زائد مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ سینتیس ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ بیانوے ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے۔

 

ٹیگس