Dec ۰۴, ۲۰۲۰ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • کورونا کے خلاف مہم سے متعلق پاکستان کے وزیراعظم کا دس نکاتی ایجنڈا

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے انسداد کورونا کے تعلق سے فوری کارروائی کے لئے اقوام متحدہ کے سامنے ایک دس نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے۔

عمران خان نے یہ ایجنڈا کورونا کے بارے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی آن لائن اجلاس سے  خطاب میں پیش کیا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کورونا کو دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے شدید عالمی بحران قرار دیا۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں ان اقدامات کی نشاندہی کی جن کی انجام دہی کورونا کو شکست دینے کے لئے ضروری ہے۔ عمران خان نے اپنے دس نکاتی ایجنڈے میں کہا کہ قرضوں کی واپسی میں چھوٹ کو کورونا کے مکمل خاتمے تک جاری رکھا جائے ۔
انھوں نے کہا کہ پسماندہ ملکوں کے قرضے معاف کئے جائیں اور کم ترقی یافتہ ملکوں کو رعایتی قرضے دیے جائیں۔ انھوں نے کورونا سے نمٹنے کے لئے پانچ سو ارب ڈالر کا خصوصی پیکج مختص کئے جانے کا مطالبہ بھی کیا ۔
عمران نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں کورونا پر قابو پانے کے لئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو متعارف کرایا گیا۔ ان کا کہنا تھا اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا کی پہلی لہر پر قابو پا لیا گیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو کورونا کی دوسری لہر کا سامنا ہے جو پہلی لہر سے کہیں زیادہ خطرناک ہے۔

 

ٹیگس