حکومت چھوڑ سکتا ہوں این آر او نہيں دے سکتا: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کو زیر بحث لانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ صرف وزیر اعظم سے این آر او کے خواہاں ہیں۔
نجی چینل ’ہم نیوز‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب تک معاشرہ چوروں اور عام لوگوں میں فرق نہیں کرے گا تب تک ترقی نہیں ہوسکتی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اگر این آر او دینے کی بات ہے تو سب سے پہلے مجبوری کی حالت میں لاکھوں روپے کی چوری کرنے والے زیر حراست کمزور افراد کو دیا جائے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے واضح کیا کہ اگر وزارت عظمیٰ کی کرسی چھوڑنی پڑی تو چھوڑ دوں گا لیکن این آر او نہیں دوں گا۔ عمران خان نے بعض ذرائع ابلاغ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک میڈیا ہاؤس اور کچھ صحافی ہیں جو مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو بچانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے بعض صحافیوں نے اسے آزادی اظہار قرار دیا جبکہ عدالت نے نواز شریف کو سزا سنائی اور وہ مجرم ہیں جس کے لیے مخصوص میڈیا اپنی وفاداری ظاہر کر رہا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے سے متعلق کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر جلسے کے منتظمین کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی،تاہم اپوزیشن کو جلسے میں جانے سے روکا نہیں جائے گا۔ عمران خان نے کہا ہم نے بھی وبا کے باعث اپنے جلسے منسوخ کیے ہیں۔