Dec ۰۹, ۲۰۲۰ ۰۷:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں، پاکستان ایرانی یرغمالیوں کو آزاد کرائے: اسپیکر قالیباف

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے پاکستان میں قید تین ایرانی یرغمالیوں کی رہائی پر زور دیا ہے۔

اسپیکر ڈاکٹر محمد قالیباف نے تہران میں متعین پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت پاکستان کو تین ایرانی یرغمالیوں کی رہائی کے لئے فوری اقدام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان ملکوں کو چاہیے کہ آپس میں متحد ہوکر خطے میں امریکہ کی تسلط پسندی کے مقابلے میں ڈٹ جائيں۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسپیکر ڈاکٹرمحمد قالیباف نے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی سے ملاقات کے دوران کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان دوجانبہ تعاون کا ایک طویل ماضی ہے اور اس حوالے سے دونوں ملکوں کی اقوام اور حکومتوں کے درمیان سیاسی، سماجی، معاشی اور مذہبی سطح پر بہت گہرے اور عمیق تعلقات قائم ہیں۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں خاص کر معاشی ، ثقافتی اور سرحدی تعلقات کو پہلے سے زيادہ فروغ دئے جانے کی ضرورت ہے۔

محمد قالیباف نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی مسلمان ملک کے ساتھ غیر مشروط طور پر بات چيت پر یقین رکھتا ہے اور کسی بھی ملک کے لئے ہرگز خطرہ شمار نہيں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان میں قیام امن کی کوشش کرنی چاہیے۔ ان کہا کہنا تھا کہ یہ کام افغانستان کی قانونی حکومت کا ہے کہ وہ آئين کے دائرے میں رہتے ہوئے افغان عوام کی سلامتی اور ملک میں پائیدار امن کی خاطر موثر اور ٹھوس قدم اٹھائے۔

اس ملاقات میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے سب سے پہلے ڈاکٹر محسن فخری زادہ کی المناک شہادت پر ملت ایران کو تعزیت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ اقدام تمام بین الاقوامی ضابطوں اور قوانین کے منافی ہے، حکومت اور ملت پاکستان اس سانحے کے تعلق سے ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

رحیم حیات قریشی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستانی زائرین کی والہانہ انداز میں مہمان نوازی کرتا ہے جس پر ہم ایران کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران آنے والے زائرین کے لئے سہولیات کی فراہمی کی کوشش کر رہے ہيں۔

پاکستانی سفیر نے اس ملاقات کے آخر ميں دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی مارکیٹوں کی پھر سے بحالی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔

 

ٹیگس