Dec ۲۱, ۲۰۲۰ ۱۳:۰۸ Asia/Tehran
  • اسرائيل کو تسلیم کرنے کے لئے اسلام آباد پر کوئی دباؤ نہيں: قریشی

پاکستان کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے دیرپا حل تک وہ اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کر سکتا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے ہم پر کوئی پریشر نہیں ہے ہم نے اسرائیل کے بارے میں عرب امارات کا موقف سنا اور سمجھا۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر یو اے ای کے حکمرانوں کو اعتماد میں لیا جب کہ ویزا مسائل کے علاوہ دیگر معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دبئی اور شارجہ میں پاکستانیوں کی اکثریت روزگار کیلئے مقیم ہے اور عرب امارات کے حکمران سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا۔

پاکستانی وزیر خارجہ کے مطابق عرب امارات کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا ویزا بندش عارضی ہے اور معاملات جلد حل ہوجائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے اسرائیل کے بارے میں پاکستان کا موقف پیش کیا، مسئلہ فلسطین کے دیرپا حل تک پاکستان اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کر سکتا، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور ہمیں پاکستان کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر فیصلے کرنے ہیں۔

وزیر خارجہ پاکستان نے کہا کہ اسرائیل کے بارے میں عرب امارات کا موقف سنا اور سمجھا، یو اے ای کے حکمرانوں کو مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کی مماثلث سے آگاہ کیا اور بتایا کہ  ہندوستان جعلی این جی اوز اور سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے جسے یورپ نے بھی بے نقاب کیا ہے۔

قریشی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو جہاں موقع ملتا ہے ، وہاں کی سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

ٹیگس