شہباز شریف کے اہل خانہ کے اثاثے قرق
پاکستان کے قومی احتساب بیورو نیب نے حزب اختلاف کے رہنما میاں شہباز شریف کے اہل خانہ کے اثاثے قرق کر لیے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق شہباز شریف کے اہل خانہ کے اثاثے قرق کرنے کا انکشاف ڈی جی نیب لاہور نے تفتیشی افسر کے ذریعے لاہور کی احتساب عدالت میں جمع کرائی جانے والی ایک رپورٹ کے حوالے سے کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹے سلمان شہباز شریف کے اثاثے قرق کر لئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور ان کے بیٹے سلمان شہباز شریف کے علاوہ شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ عمران اور داماد ہارون یوسف کے اثاثے بھی قرق کر لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے گزشتہ دنوں منی لانڈرنگ ریفرنس میں اشتہاری ملزمان کے اثاثے قرق کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔