پاکستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال، نیا وائرس کراچی پہونچا
کراچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ کے محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ نیا کورونا وائرس برطانیہ سے کراچی پہنچ گیا ہے۔
سندھ کے محکمہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ سے واپس آنے والے بارہ میں سے تین افراد میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر 29 ویں نمبر سے 28 ویں پر آگیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 666 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹوں کی تعداد 66 لاکھ 19 ہزار 983 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مزید ایک ہزار 776 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 75 ہزار 85 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 39 ہزار599 ہوگئی ہے۔ جب کہ 2 ہزار 259 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، تاہم کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 602 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 25 ہزار 494 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیراختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتا جا سکتا ہے۔