عمران خان کے استعفے کا مطالبہ بلا جواز: صدر پاکستان
پاکستان کے صدر نے عمران خان کے استعفے کے مطالبے کو بلاجواز قرار دے دیا۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صدر عارف علوی نے ایوان صدر میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ حزب اختلاف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے استعفے کا مطالبہ بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت استعفا دے گی اور نہ ہی اسمبلیاں تحلیل کی جائیں گی۔
پاکستان کے صدر نے حزب اختلاف کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی اپنی پانچ سالہ قانونی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ گزشتہ دو سال سے ملک کے سیاسی نظام کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انتخابی نظام میں اصلاحات کے بارے میں قومی مکالمے کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم، وقت اور ان لوگوں کے بارے میں فیصلہ کریں گے جن کے ساتھ بات چیت ہونی چاہئے۔