کراچی میں کورونا وائرس کی بلند ترین پازیٹیو شرح
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت کے ساتھ جاری ہے اور کراچی میں سب سے زیادہ پازیٹیو ریٹ کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔
پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے پازیٹیو کیسوں کی شرح پانچ اعشاریہ آٹھ فی صد ہے تاہم کراچی میں یہ شرح پندرہ اعشاریہ سات فی صد ریکارڈ کی گئی جو ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔
کراچی کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر مقام پشاور میں کورنا وائرس کے پازیٹیو کیسوں کی شرح پندرہ اعشاریہ پانچ فی صد بتائی جاتی ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ چوارسی ہزار تین سو باسٹھ ہے جبکہ شفایاب ہونے والوں کی تعداد چار لاکھ اڑتیس ہزار نو سو چوہتر ہوگئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والو کی تعداد دس ہزار دو سو اٹھاون بتائی جاتی ہے۔