ممبئی حملے میں ملوث ذکی الرحمٰن لکھوی گرفتار
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کے کیس اور مبینہ طور پر ممبئی حملوں میں ملوث ہونے پر کالعدم دہشتگرد گروہ لشکر طیبہ کے سرغنہ ذکی الرحمٰن لکھوی کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایسنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے گئے ذکی الرحمٰن لکھوی کی گرفتاری سے متعلق سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ گرفتاری خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم کی جانب سےکیے جانے والے آپریشن میں لاہور کے رنگ روڈ سے عمل میں آئی۔
ذکی الرحمٰن لکھوی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کے سلسلے میں فنڈ جمع اور تقسیم کرنے کے لیے ایک میڈیکل ڈسپنسری چلا رہا تھا۔
دوسری جانب ذکی الرحمٰن لکھوی کے وکیل عمران گل نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کے کیس پر اگلے ہفتے سے سماعت ہوگی۔
امریکہ اور ہندوستان 2008 کے ممبئی حملوں کے لیے جس میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے ذکی الرحمٰن لکھوی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔
واضح رہے کہ لشکر طیبہ ایک خطرناک دہشتگرد گروہ ہے جس کے القاعده ، داعش ، جماعت الاحرار ، سپاه صحابه اور لشکرجهنگوی کے ساتھ قریبی روابط ہیں اور یہ گروہ، پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔