Jan ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
  • ایران کے انسداد منشیات پولیس محکمے کے سربراہ کا دورہ اسلام آباد

ایران کے محکمہ پولیس کے انسداد منشیات شعبے کے سربراہ بریگیڈیئر کریمی نے، جو دو روزہ دورے پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے ہیں، اپنے اس دورے کے پہلے روز پاکستان کے وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں فریقین نے دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان خاص طور سے منشیات کے خلاف مہم کے شعبے میں سرحدی تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

اس ملاقات میں فریقین نے اسی طرح اس نکتے پر تاکید کی کہ منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق سرگرمیاں مشترکہ سرحدوں پر بدامنی کا باعث بنی ہوئی ہیں اور سرحدوں پر باڑ لگائے جانے سے امن کو مضبوط اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے عمل کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

ایران کے محمکہ پولیس کے انسداد منشیات شعبے کے سربراہ نے اسی طرح پاکستان کی انسداد منشیات کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل عارف ملک سے بھی ملاقات کی۔

اس ملاقات میں فریقین نے سرحدوں پر منشیات کی اسمگلنگ کو کنٹرول کرنے کے لئے مشترکہ میکنیزم کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔

قابل ذکر ہے کہ منشیات کے خلاف مہم میں دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان تعاون کی تقویت، ایران اور پاکستان میں اس منشیات کی اسمگلنگ سے پہنچنے والے نقصانات میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

 

ٹیگس