سی پیک منصوبے میں ایران کی شمولیت کا پاکستان نے خیرمقدم کیا
پاکستان کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے چین پاکستان مشترکہ اقتصادی پروجیکٹ میں ایران کی موجودگی کا خیرمقدم کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے سی پیک پروجیکٹ میں اقتصادی ساجھیداری مضبوط بنانے کے لئے پاکستان اور چین کے اتحاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران چین پچیس سالہ اسٹریٹیجک تعاون کے پروگرام کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ ، علاقے کے تین اہم ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کے لئے ایک غیرمعمولی فارمولہ ہوگا جس سے علاقائی تعلقات کو مضبوط بنانے ، غربت کے خاتمے، اور تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے علاقائی تعاون کا ماحول خراب کرنے اور علاقائی رابطوں کے لئے اتحاد کی تشکیل کو روکنے کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے خاص طور سے برصغیر میں بیرونی توسیع پسندی کو روکنا چاہئے تاکہ ہمارے مشترکہ مفادات اور پائدار ترقی کے اہداف کے حصول میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
چین پاکستان اقتصادی کوریڈور سی پیک ، ون روڈ ون بیلٹ عظیم منصوبے کا ایک معمولی حصہ ہے کہ جس میں چین نقل و حمل کے راستوں کے ذریعے پاکستان سے ملحق ہوگا اور جدید راہ آبریشم کو زندہ کر کے ایران کے ذریعے یورپ تک پہنچ جائے گا۔