عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: پاکستان
پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر عالمی برادری اور امت اسلامیہ سے جموں کشمیر کے عوام کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے
پاکستانی وزیر خارجہ نے او آئی سی کے رابطہ گروپ کے سفرا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے پر امت مسلمہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے زیر کنٹرول جموں کشمیر کی صورتحال عالمی برادری سے چھپی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ اگست دو ہزار انیس کے ہندوستانی حکومت کے انکے بقول غیر قانونی اقدامات سے پورا خطہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے اور ہزاروں کشمیروں کا کوئی پتہ نہیں ہے کہ انہیں ہندوستانی فوج نے کہاں قید کر رکھا ہے- پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستانی حکومت جموں کشمیر کو مسلم اکثریتی آبادی سے سخت گیر ہندو آبادی میں تبدیل کرنا چاہتی ہے جو جنیوا کنونشن کے خلاف ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے-